بھٹکل 19 ستمبر (ایس او نیوز) اگلے اسمبلی انتخابات میں بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقہ میں عنایت اللہ شاہ بندری کی جیت یقینی ہے، گذشتہ انتخابات میں انہیں بے حد کم ووٹوں سے شکست ہوئی تھی، مگر اس بار ایسا نہیں ہوگا، اگلے انتخابات کے موقع پر ریاست کے اہم جے ڈی ایس لیڈران بھٹکل تشریف لائیں گے اور ان کے حق میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی کوشش کریں گے اور تمام جے ڈی ایس ارکان متحدہوکر انہیں جیت دلانے کے لئے پورا زور لگائیں گے، ان خیالات کا اظہار جےڈی ایس یوتھ یونٹ کے ریاستی صدر این ایم نور احمد نے کیا۔
سنیچر کو بھٹکل آمد کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے نور احمد نے بتایا کہ کماراسوامی جب ریاست کے وزیراعلیٰ تھے تو اُس وقت انہوں نے کسانوں کا قرضہ معاف کردیا تھا جس کے نتیجے میں لاکھوں کسانوں کو راحت ملی تھی اسی طرح دوسرے پسماندہ طبقات کے لئے دیوے گوڈا نے ریزرویشن فراہم کرتے ہوئے ان کی مدد کی تھی۔
نور احمد نے بتایا کہ آج کانگریس میں جو بڑے بڑے قدآور لیڈران ہیں، اُن میں سے اکثر لیڈران پہلے جے ڈی ایس میں ہی تھے جو بعد میں کانگریس میں شامل ہوئے، ان میں سابق وزیراعلیٰ سدارامیا بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات کے موقع پر ہماری پارٹی کو بی جےپی کی "بی" پارٹی کا نام دے کر ہمیں بدنام کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں ناکامی ہوئی، مگر انتخابات کے بعد عوام کو معلوم ہوگیا کہ اصلیت کیا ہے۔
نور احمد نے بتایا کہ اب حالات پہلے جیسے نہیں رہے۔ کماراسوامی کو اقتدار سے کس طرح بے دخل کیا گیا، اُس سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ اب یہ سب کچھ آئندہ نہیں چلے گا، اب پارٹی کے کارکنان متحد ہوکر کام کریں گے۔
پریس کانفرنس میں بھٹکل کے جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے بتایا کہ جے ڈی ایس کارکنوں نے کوویڈ۔19لاک ڈاون کے دوران عوام کی بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے، جبکہ کسی کی کورونا سے موت واقع ہونے پر میت کو گھروالوں کے حوالے کرنے کے لئے بھی انہوں نے ہی ضلع کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی تھی، اسی طرح انہوں نے جے ڈی ایس کی طرف سے کئے گئے مختلف کاموں کے تعلق سے بھی جانکاری دی۔
جے ڈی ایس یوتھ کمیٹی کے صدر پانڈو نائیک، کرشنا نند پائی، زین العابدین، گنیش ہلیّر، گوند دیواڑیگا وغیرہ موجود تھے۔